-------------------------------------------------------------------------------
ڈاکٹر محمد واسع ظفر
[Lisaan-e-Qaum Mein Deen Ki Tableegh ‘Ulamaa Ki Khusoosi
Zimmedaari, Taasir Urdu Daily, Patna, Vol. 11, Issue No. 119, Saturday, April 29,
2023, P. 06.]
بنی آدم پر اللہ رب العزت کے جو احسانات ہیں ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اس نے انہیں صرف اپنی طاعت و عبادت کا مکلف ہی نہیں بنایا بلکہ وقفے وقفے سے ان کے درمیان انبیاء کرام علیہم السلام کو مبعوث فرماکر اور ان پر کتب و صحائف نازل فرما کر ان کی ہدایت و رہنمائی کے اسباب بھی فراہم کئے۔ قرآن کریم کے مطالعہ سے پتا چلتا ہے کہ اس سلسلے میں رب کریم کی طرف سے کچھ ضابطے اپنائے گئے جنہیں سنت الٰہیہ سے تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ ان میں سب سے اول یہ تھا کہ اللہ تعالیٰ نے دنیا کی ہر قوم کی طرف کسی نہ کسی نبی کو ضرور مبعوث کیا جو عمومًا اسی قوم کے فرد ہوا کرتے تھے۔ ایسی کوئی قوم نہیں گزری جس کے پاس کوئی رسول نہیں آیا ہو۔ قرآن کریم کی آیات: "اِنَّمَاۤ اَنۡتَ مُنۡذِرٌ وَّ لِکُلِّ قَوۡمٍ ہَادٍ◌" (الرعد: ٧) (مفہوم: آپ تو صرف آگاہ کرنے والے ہیں اور ہر قوم کے لئے ہادی ہے) اور "وَ اِنۡ مِّنۡ اُمَّةٍ اِلَّا خَلَا فِیۡہَا نَذِیۡرٌ◌" ﴿فاطر: ٢٤) (مفہوم: اور کوئی امت ایسی نہیں ہوئی جس میں کوئی ڈر سنانے والا نہ گزرا ہو) اس پر دال ہیں۔
دوسرا اہم ضابطہ رب کریم نے یہ قائم فرمایا کہ جس پیغمبر کو بھی کسی قوم کی طرف مبعوث کیا، وہ ان کی قومی زبان کے جانکار ضرور ہوا کرتے تھے۔ یہ اس لئے کہ پیغام رسانی اور تبلیغ دین میں ان کے اور قوم کے درمیان کوئی ترسیلی خلا (Communication gap) نہ پیدا ہو اور قوم کو یہ عذر نہ رہے کہ انہیں تو پیغمبر خدا کی بات ہی سمجھ میں نہیں آئی۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "وَ مَاۤ اَرۡسَلۡنَا مِنۡ رَّسُوۡلٍ اِلَّا بِلِسَانِ قَوۡمِہٖ لِیُبَیِّنَ لَہُمۡ ؕ فَیُضِلُّ اللهُ مَنۡ یَّشَآءُ وَ یَہۡدِیۡ مَنۡ یَّشَآءُ ؕ وَ هُوَ الۡعَزِیۡزُ الۡحَکِیۡمُ ◌" ﴿ابراھیم: ٤) (مفہوم): "اور ہم نے نہیں بھیجا کوئی رسول مگر اس کی قوم ہی کی زبان میں تاکہ وہ ان پر حق کو اچھی طرح واضح کر دے، پھر اللہ جسے چاہتا ہے گمراہ کردیتا ہے اور جسے چاہتا ہے وہ ہدایت بخش دیتا ہے، اور وہ سب پر غالب و کمال حکمت والا ہے۔"
اسی سے متعلق یہ ضابطہ بھی رہا کہ ربانی ہدایات بھی ان کی قومی زبان میں ہی نازل کی گئیں خواہ وہ کتاب یا صحیفوں کی شکل میں ہو یا وحی غیر متلو کی شکل میں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم گرچہ عالمی نبی تھے لیکن ان کے اولین مخاطب چونکہ عرب تھے اس لئے قرآن کریم ان پر عربی زبان میں ہی نازل کیا گیا۔ ارشاد ربانی ہے: "وَكَذٰلِكَ أَوْحَيْنَا إِلَيْكَ قُرْآنًا عَرَبِيًّا لِّتُنذِرَ أُمَّ الْقُرَىٰ وَمَنْ حَوْلَهَا وَتُنذِرَ يَوْمَ الْجَمْعِ لَا رَيْبَ فِيهِ ۚ فَرِيقٌ فِي الْجَنَّةِ وَفَرِيقٌ فِي السَّعِيرِ◌" (الشورى: ٧) (مفہوم): "اور اسی طرح ہم نے آپ کی طرف عربی قرآن کی وحی کی ہے تاکہ آپ مکہ والوں کو اور اس کے آس پاس کے لوگوں کو خبردار کردیں اور جمع ہونے کے دن سے جس کے آنے میں کوئی شک نہیں ڈرا دیں۔ ایک گروہ جنت میں ہوگا اور ایک گروہ جہنم میں ہوگا۔"
پھر اللہ کا ضابطہ یہ بھی رہا کہ پیغمبروں کی دعوت و تبلیغ کی محنت کے نتیجے میں بعض لوگوں کو ہدایت مل جاتی تھی اور بعضوں پر گمراہی ثابت ہوجاتی تھی اور اکثر وہ عذاب الٰہی کا بھی شکار ہوجاتے تھے۔ قرآن اس کی گواہی یوں دے رہا ہے: "وَ لَقَدۡ بَعَثۡنَا فِیۡ کُلِّ اُمَّةٍ رَّسُوۡلًا اَنِ اعۡبُدُوا اللهَ وَ اجۡتَنِبُوا الطَّاغُوۡتَ ۚ فَمِنۡہُمۡ مَّنۡ ہَدَی اللهُ وَ مِنۡہُمۡ مَّنۡ حَقَّتۡ عَلَیۡهِ الضَّلٰلَةُ ؕ فَسِیۡرُوۡا فِی الۡاَرۡضِ فَانۡظُرُوۡا کَیۡفَ کَانَ عَاقِبَةُ الۡمُکَذِّبِیۡنَ◌" (النحل: ٣٦) "اور بلاشبہ ہم نے ہر امت میں ایک رسول (اس ہدایت کے ساتھ) بھیجا کہ (لوگو) صرف اللہ کی عبادت کرو اور اس کے سوا تمام معبودوں سے بچو، پھر ان میں سے کچھ وہ تھے جن کو تو اللہ تعالیٰ نے ہدایت دے دی اور بعض ایسے تھے جن پر گمراہی ثابت ہو گئی، پس تم خود زمین میں چل پھر کر دیکھ لو کہ جھٹلانے والوں کا انجام کیسا کچھ ہوا؟"
ہدایت دینے کے سلسلے میں اللہ تعالیٰ کے ضابطے کو قرآن کریم نے یوں بیان کیا ہے: "اللهُ یَجْتَبِیْۤ اِلَیْهِ مَنْ یَّشَآءُ وَ یَهْدِیْۤ اِلَیْهِ مَنْ یُّنِیْبُ" (الشوریٰ: ۱۳) (مفہوم): "اللہ اپنے قرب کے لئے چن لیتا ہے جسے وہ چاہتا ہے اور وہ ہدایت دیتا ہے اپنی طرف اسے جو اس کی طرف رجوع کرتا ہے۔" اس آیت میں تقسیم ہدایت کے دو ضابطے بتائے گئے ہیں؛ ایک تو خاص ہے کہ اللہ تعالیٰ جس کو چاہتا ہے اپنے قرب کے لئے چن لیتا ہے۔ احقر کی نگاہ میں انبیاء کرام علیہم السلام کا انتخاب اسی زمرے میں آتا ہے۔ دوسرا ضابطہ عام ہے، وہ یہ کہ جن کے دل ہدایت کے طالب ہوتے ہیں اور جو صدق دل سے اللہ کی طرف رجوع کرتے ہیں اور پیغمبر خدا کی اطاعت و فرماں برداری اختیار کرتے ہیں، اللہ انہیں ہدایت سے نواز دیتا ہے۔
اس کے برعکس جن کے دلوں میں کجی ہوتی ہے اور جو حق کے واضح ہوجانے کے باوجود نبی کی دعوت کو جھٹلاتے ہیں، ان کی اطاعت سے انکار کرتے ہیں یا ان کی مخالفت کرتے ہیں، ایسے لوگ ہدایت سے محروم کردئے جاتے ہیں۔ ارشاد خداوندی ہے: ”وَ مَا یُضِلُّ بِهٖۤ اِلَّا الْفٰسِقِیْنَ“ (البقرة: ٢٦) (مفہوم): ”اور وہ گمراہ نہیں کرتا اس (قرآنی مثال) سے سوائے نافرمانى کا رویہ اختیار کرنے والوں کے۔" موسٰی علیہ السلام اور ان کی قوم کے تذکرے میں یہ دستور خداوندی اور بھی واضح ہے: ”وَ اِذۡ قَالَ مُوۡسٰی لِقَوۡمِہٖ یٰقَوۡمِ لِمَ تُؤۡذُوۡنَنِیۡ وَ قَدۡ تَّعۡلَمُوۡنَ اَنِّیۡ رَسُوۡلُ اللهِ اِلَیۡکُمۡ ؕ فَلَمَّا زَاغُوۡۤا اَزَاغَ اللهُ قُلُوۡبَہُمۡ ؕ وَ اللهُ لَا یَہۡدِی الۡقَوۡمَ الۡفٰسِقِیۡنَ◌“ (الصف: ٥) (مفہوم): "اور (وہ وقت یاد کرو) جب کہ موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا تھا کہ اے میری قوم کے لوگو ! تم مجھے تکلیف کیوں پہنچاتے ہو حالانکہ تم خوب جانتے ہو کہ بلاشبہ میں تمہاری طرف اللہ کا رسول ہوں؟ پھر جب انہوں نے ٹیڑھ اختیار کی تو اللہ نے ان کے دلوں کو (مزید) ٹیڑھا کردیا، اور اللہ نافرمان لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا۔" چنانچہ ہدایت اور ضلالت کے یہی ضابطے تمام انبیاء کرام علیہم السلام کے دور میں نافذ رہے۔
اللہ تعالیٰ نے یہ ضابطہ بھی رکھا کہ کسی قوم کی اس کی برائیوں کی وجہ سے تب تک پکڑ نہیں فرمائی جب تک کسی ہادی کو بھیج کر صراط مستقیم کی طرف رہنمائی کے سلسلے میں ان پر حجت پوری نہیں کردی۔ اللہ کا ارشاد ہے: "وَ مَا كَانَ رَبُّكَ مُهْلِكَ الْقُرٰى حَتّٰى یَبْعَثَ فِیْۤ اُمِّهَا رَسُوْلًا یَّتْلُوْا عَلَیْهِمْ اٰیٰتِنَا ١ۚ وَ مَا كُنَّا مُهْلِكِی الْقُرٰۤى اِلَّا وَ اَهْلُهَا ظٰلِمُوْنَ◌" (القصص: ۵۹) (مفہوم) "اور آپ کا پروردگار ایسا نہیں ہے کہ وہ بستیوں کو یوں ہی ہلاک کر ڈالے جب تک اس نے ان کے مرکزی مقام پر کوئی رسول نہ بھیجا ہو، جو ان کو ہماری آیتیں پڑھ کر سنائے، اور ہم بستیوں کو اس وقت تک ہلاک کرنے والے نہیں ہیں جب تک ان کے باشندے ظالم نہ بن جائیں۔" اللہ رب العزت نے اپنے اس ضابطے کی مزید وضاحت نبی آخرالزماں کے ہم عصروں کے سلسلے میں یہ کہہ کر فرمادی: "وَ لَوْ اَنَّاۤ اَهْلَكْنٰهُمْ بِعَذَابٍ مِّنْ قَبْلِهٖ لَقَالُوْا رَبَّنَا لَوْ لَاۤ اَرْسَلْتَ اِلَیْنَا رَسُوْلًا فَنَتَّبِعَ اٰیٰتِكَ مِنْ قَبْلِ اَنْ نَّذِلَّ وَ نَخْزٰى◌" (طٰہٰ: ۱۳٤) (مفہوم): "اور اگر ہم اس (قرآن کے نزول) سے پہلے ہی انہیں کسی عذاب سے ہلاک کردیتے تو یہ لوگ کہتے کہ اے ہمارے پروردگار ! آپ نے ہمارے پاس کوئی پیغمبر کیوں نہیں بھیجا کہ ہم ذلیل اور رسوا ہونے سے پہلے ہی آپ کی آیتوں کی پیروی کرلیتے ؟"
پھر جب اللہ کا رسول کسی قوم کے درمیان آجاتا ہے تو ہدایت اور ضلالت کی راہ اپنانے والوں کے درمیان فیصلہ ان کی حالت کے مطابق کردیا جاتا ہے یعنی ہدایت یافتہ گروہ غالب ہوجاتا ہےاور اخروی کامیابی بھی اس کے لئے مقدر ہوجاتی ہے اور گمراہ لوگ مغلوب ہوجاتے ہیں اور اکثر عذاب الٰہی کا شکار بھی ہوجاتے ہیں۔ اللہ کا ارشاد ہے: ”وَ لِکُلِّ اُمَّةٍ رَّسُوۡلٌ ۚ فَاِذَا جَآءَ رَسُوۡلُہُمۡ قُضِیَ بَیۡنَہُمۡ بِالۡقِسۡطِ وَ هُمۡ لَا یُظۡلَمُوۡنَ“ (یونس: 47) "اور ہر امت کے لئے ایک رسول ہے، سو جب ان کا وہ رسول آجاتا ہے تو ان کے درمیان فیصلہ انصاف کے ساتھ کردیا جاتا ہے اور ان پر کوئی ظلم نہیں کیا جاتا۔"
دعوت و ہدایت کے یہ سارے ضابطے احقر نے یوں ہی نہیں بیان کئے بلکہ اس کا تعلق موجودہ ملکی و عالمی پس منظر سے ہے۔ آج مسلمان سارے عالم میں مغلوب ہیں، ہر طرف ان پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں لیکن کوئی ان کا پرسان حال نہیں ہے۔ یہاں تک کہ جتنے مسلم ممالک ہیں وہ بھی اندرونی و بیرونی خلفشار کے شکار ہیں اور عالمی منظرنامے میں ان کی حیثیت نہیں کے برابر ہے۔ ہمارے علماء کرام، ائمہ کرام اور بزرگان دین گمراہ قوموں کی ہدایت اور ظالموں کو نیست و نابود کرنے کی دعائیں مانگ رہے ہیں لیکن ایسا لگتا ہے جیسے ان کی دعاؤں میں کوئی اثر ہی نہیں۔ نہ تو گمراہ قومیں ہدایت پر آرہی ہیں اور نہ ہی ظالم لوگ ہلاک و برباد ہورہے ہیں۔ یہ صورتحال آخر کیوں ہے؟ اسے سطور بالا میں ذکر کئے گئے خدائی ضابطوں کی روشنی میں بہتر طور سے سمجھا جاسکتا ہے۔ آئیے ذرا اسے تفصیل سے سمجھنے کی کوشش کریں۔
آپ یہ سمجھ چکے ہیں کہ دعوت و تبلیغ، ہدایت کے نزول کے اسباب میں سے ہے۔ اسی ضابطے کو پورا کرنے کے لئے اللہ رب العزت وقتًا فوقتًا پیغمبروں کو مبعوث کرتے رہے۔ پھر آپ نے یہ بھی دیکھا کہ اللہ تعالیٰ کسی قوم کو تب تک مغلوب یا عذاب میں مبتلا نہیں کرتا جب تک اس پر دین حق کی دعوت کی حجت پوری نہیں هوجاتی۔ ہم سب کا اس پر بھی ایمان ہے کہ نبی کریم ﷺ خاتم الأنبیاء ہیں یعنی ان کے بعد کوئی نبی نہیں ہے۔ دوسرے لفظوں میں قیامت تک پیدا ہونے والے تمام انسانوں کے نبی آپ ہی ہیں اور ان کی دنیوی و اخروی کامیابی آپ کے لائے ہوئے دین کی اتباع میں ہی مضمر ہے جیسا کہ قرآن گواہی دے رہا ہے: "قُلۡ یٰۤاَیُّہَا النَّاسُ اِنِّیۡ رَسُوۡلُ اللهِ اِلَیۡکُمۡ جَمِیۡعَا ۨ الَّذِیۡ لَہٗ مُلۡکُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ۚ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ یُحۡیٖ وَ یُمِیۡتُ ۪ فَاٰمِنُوۡا بِاللهِ وَ رَسُوۡلِهِ النَّبِیِّ الۡاُمِّیِّ الَّذِیۡ یُؤۡمِنُ بِاللهِ وَ کَلِمٰتِهِ وَ اتَّبِعُوۡہُ لَعَلَّکُمۡ تَہۡتَدُوۡنَ" (الأعراف: ١٥٨) (مفہوم): "آپ کہہ دیجئے کہ اے لوگو! بے شک میں رسول ہوں اللہ تعالیٰ کا تم سب کی طرف جس کی حکومت ہے آسمانوں اور زمین میں ہے، نہیں ہے کوئی معبود اس کے سوا، وہی زندگی بخشتا ہے اور وہی موت دیتا ہے، پس ایمان لاؤ اللہ تعالیٰ پر اور اس کے بھیجے ہوئے نبی امی پر جو کہ یقین رکھتے ہیں اللہ تعالیٰ پر اور اس کے سب کلاموں (احکام) پر اور ان کا اتباع کرو تاکہ تم ہدایت پا جاؤ۔"
پھر ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ آپ کو صرف ۲۳ سال ہی کار دعوت کے لئے ملے اور اس کے جو نتائج سامنے آئے وہ تاریخ کا حصہ ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ دنیا کی ساری اقوام تک آپ کا لایا ہوا دین پہنچانے کی ذمے داری آخر کس کی ہے؟ پھر آپ کو یہ بھی معلوم ہے کہ آپ کو جو کتاب ملی اور آپ کی جو ہدایات ہیں وہ سب عربی زبان میں ہیں جب کہ اللہ تعالیٰ کا یہ ضابطہ رہا ہے کہ ہر قوم کو ہدایات ان کی قومی زبان میں ہی دی گئی ہیں۔ دنیا کی یہ ساری قومیں کل خدا کے سامنے یہ حجت کرسکتی ہیں کہ آخر ہم نے کون سا قصور کیا تھا کہ ہمارا نبی بھی ہماری قوم سے نہیں تھا اور ان کے ذریعے جو ہدایات بھیجی گئیں وہ بھی ہماری زبان میں نہیں تھیں؟ تو کیا اللہ رب العزت نے خود انہں یہ حجت کرنے کا موقع فراہم کیا ہے؟ نہیں! بلکہ اس نے ساری قوموں تک لسان قوم میں دین کی دعوت پہنچانے کی ذمے داری امت مسلمہ یعنی ہم سب کے اوپر ڈالی ہے۔ قرآن کا پیغام ہے: ”کُنۡتُمۡ خَیۡرَ اُمَّۃٍ اُخۡرِجَتۡ لِلنَّاسِ تَاۡمُرُوۡنَ بِالۡمَعۡرُوۡفِ وَ تَنۡہَوۡنَ عَنِ الۡمُنۡکَرِ وَ تُؤۡمِنُوۡنَ بِاللهِ“ (آل عمران: ١١٠) یعنی "تم بہترین امت ہو جو تمام انسانوں (کی رہنمائی) کے لئے ظاہر کی گئی ہے کہ تم نیک باتوں کا حکم دیتے ہو اور بری باتوں سے روکتے ہو، اور اللہ تعالیٰ پر ایمان رکھتے ہو۔"
یعنی یہ امت لوگوں کی ہدایت و اصلاح کے لئے ہی پیدا کی گئی ہے تاکہ انہیں بھلائیوں کی طرف بلائے اور منکرات سے روکے۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہیں کہ یہ امت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے کار دعوت میں شریک ہے۔ اب اس کی یہ ذمےداری ہے کہ تمام قوموں تک لسان قوم میں دین کی دعوت کو پہنچائے۔ قرآن کی یہ آیت بھی اس پر صریح دلالت کر رہی ہے۔ "قُلْ هَٰذِهِ سَبِيلِي أَدْعُوْٓا إِلَى اللهِ ۚ عَلَىٰ بَصِيرَةٍ أَنَا وَمَنِ اتَّبَعَنِي ۖ وَسُبْحَانَ اللهِ وَمَا أَنَا مِنَ الْمُشْرِكِينَ" (يوسف: ١٠٨) یعنی "آپ فرما دیجئے کہ میری راہ یہی ہے کہ بلاتا ہوں (لوگوں کو) اللہ کی طرف بصیرت کے ساتھ، میں (بھی) اور وہ (بھی) جو میرا اتباع کرنے والے ہیں اور اللہ پاک ہے اور میں شرک کرنے والوں میں سے نہیں ہوں ۔ "
نیز یہ بھی فرمایا: ”کَذٰلِکَ جَعَلۡنٰکُمۡ اُمَّۃً وَّسَطًا لِّتَکُوۡنُوۡا شُہَدَآءَ عَلَی النَّاسِ وَ یَکُوۡنَ الرَّسُوۡلُ عَلَیۡکُمۡ شَہِیۡدًا ؕ“ (البقرة: ١٤٣) (مفہوم): "ہم نے اسی طرح تمہیں عادل امت بنایا ہے تاکہ تم لوگوں پر گواہ ہو جاؤ اور رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) تم پر گواہ ہو جائیں."
لوگوں پر گواہ ہونے کا مطلب ظاہر طور پر یہی ہے کہ ان تک ان کی زبان میں دین کی دعوت پہنچادی جائے اور ہدایت یا ضلالت جس راستے کو بھی وہ اختیار کریں اس پر گواہ بن جایا جائے۔ آیت کی اس تاویل سے ان روایات کا قطعاً انکار لازم نہیں آتا جن میں یہ مذکور ہے کہ امت محمدیہ پچھلے نبیوں کی پیغام رسانی کے حق میں بھی گواہی دے گی۔ بہرحال مذکورہ آیات سے تو یہی بات سمجھ میں آتی ہے کہ دعوت وتبلیغ کی یہ ذمےداری رسول پاک ﷺ کے ایک ایک امتی پر ہے۔ اس فریضہ کی ادائیگی کے لئے پوری کی پوری شریعت کا عالم ہونا بھی ضروری نہیں بلکہ دین کا جو کچھ بھی علم ہو اسے دوسروں تک پہنچانے کی ترغیب دی گئی ہے۔ آپ نے فرمایا: "بَلِّغُوا عَنِّي وَلَوْ آيَةً " یعنی ”میرا پیغام لوگوں تک پہنچاؤ اگرچہ ایک ہی آیت ہو ۔" (صحیح بخاری، رقم الحديث ٣٤٦١)
لیکن علماء کے سلسلے میں آپؑ کا یہ فرمانا کہ وہ انبیاء کے وارث ہیں ان کے اوپر ایک خصوصی ذمے داری عائد کرتا ہے اور یہ ظاہر ہے کہ دعوت و تبلیغ کا حق بھی وہی لوگ ادا کرسکتے ہیں جو علم والے ہیں۔ آپ نے فرمایا: "إِنَّ الْعُلَمَاءَ وَرَثَةُ الْأَنْبِيَاءِ، إِنَّ الأَنْبِيَاءَ لَمْ يُوَرِّثُوا دِينَارًا وَلَا دِرْهَمًا إِنَّمَا وَرَّثُوا الْعِلْمَ فَمَنْ أَخَذَ بِهِ أَخَذَ بِحَظٍّ وَافِرٍ" "بیشک علماء انبیاء کے وارث ہیں اور بے شک انبیاء نے کسی کو دینار و درہم کا وارث نہیں بنایا بلکہ انہوں نے علم کا وارث بنایا ہے۔ اس لیے جس نے اس علم کو حاصل کر لیا، اس نے (علم نبویؑ اور وراثت نبویؑ سے) پورا پورا حصہ لیا“ (ترمذی، رقم الحديث ٢٦٨٢، بروایت ابو الدرداء رضی الله عنہ)۔
حدیث کے الفاظ یہ اشارہ کرتے ہیں کہ ہر وہ شخص عالم ہے جس نے علوم نبوت سے وافر حصہ جمع کرلیا ہو اور جس کی قرآن و سنت پر گہری نگاہ ہو خواہ اس نے وہ علم کسی ذریعہ سے حاصل کیا ہو؛ رسمی (formal) یا غیر رسمی (informal)۔ چنانچہ ایسے ہر شخص پر علوم نبوت کا وارث ہونے کی حیثیت سے دعوت دین کی خصوصی ذمے داری عائد ہوتی ہے۔ لیکن ہمارے یہاں ”علماء“ کی ایک خاص اصطلاح ہے جس سے مروجہ مدارس کے فارغین ہی مراد لئے جاتے ہیں۔ یہ وہ طبقہ ہے جو خود کو ہی علوم اسلامیہ کا خاص ماہر، اسرار الٰہیہ کا واقف کار اور انبیاء کا وارث خیال کرتا ہے جس میں وہ کسی حد تک حق بجانب بھی ہے۔ لیکن اس طبقے کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ یہ دین کی دعوت کو دوسری قوموں کی زبان اور زمانے کے اسلوب میں پیش کرنے پر قادر نہیں الا ماشاءالله ۔ بلکہ اکثر دیکھا جاتا ہے کہ یہ طبقہ اپنوں کے درمیان بھی دین کو کتاب و سنت کے حوالوں اور منطقی دلائل کے ساتھ پیش کرنے پر قادر نہیں ہوتا، الا ماشاءاللہ ۔ نیز اس طبقے میں شامل افراد کے اوپر جذبات اور مسلک کا شدید غلبہ ہوا کرتا ہے۔ اگر آپ ان میں سے کسی سے ان کے بیان کردہ مسائل کے صرف حوالے مانگ لیجئے تو وہ آپ پر چراغ پا ہوجائے گا۔ ظاہر ہے کہ جو لوگ اس قدر جذباتی ہوں وہ غیروں کو دین کی دعوت کس طرح دے سکتے ہیں اور ان کے تیکھے سوالات کو کیسے جھیل سکتے ہیں؟
دوسری طرف کالجوں و یونیورسٹیوں کے فارغین کا طبقہ ہے جن کے پاس دوسری زبانوں اور عصری اسلوب میں اپنی باتیں رکھنے کی پوری صلاحیت ہوتی ہے لیکن ان کی اکثریت دین اور دینی علوم سے ہی نابلد ہے۔ ان میں سے کوئی اگر قرآن و سنت اور دعوت و تبلیغ کی طرف راغب بھی ہوتا ہے تو مروجہ علماء کا طبقہ بجائے اس کو اپنا معاون و مددگار سمجھنے کے، اپنا رقیب سمجھنے لگتا ہے اور بجائے اس کی حوصلہ افزائی کرنے کے اس پر بری طرح سے حملہ آور ہوجاتا ہے اور عوام کو اس کے تئیں بدظن کرنے میں لگ جاتا ہے حالانکہ تجربے و مشاہدے سے ثابت ہوچکا ہے کہ یہ طبقہ اگر دعوت و تبلیغ پر کھڑا ہوجائے تو یہ اپنے طبقے کے ساتھ دوسری قوموں پر بھی زیادہ اثرانداز ہوتا ہے۔ عالمی منظرنامے پر ایسی کئی مثالیں موجود ہیں۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ دوسری قوموں تک ان کی زبان و اسلوب میں دعوت پہنچانے کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ قرآن و حدیث اور دیگر اسلامی علوم کو دنیا کی تمام اقوام کی زبانوں میں منتقل کیا جائے جس میں اس عصری علوم سے وابستہ طبقے کی معاونت ضروری ہوگی بلکہ ان کی مدد کے بغیر اس حدف کو حاصل کرنا ممکن نظر نہیں آتا۔
اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ اس طبقے کو دین اور دینی علوم سے قریب لایا جائے، انہیں ان کی ذمے داری کا احساس دلایا جائے، ساتھ ہی انہیں یہ سجھایا جائے کہ وہ دین کی ترویج و اشاعت کے لئے اپنی صلاحیتوں سے کیا کچھ کرسکتے ہیں۔ یہ دونوں طبقے ایک دوسرے کے معاون بن کر دعوت و تبلیغ اور تصنیف و تالیف کا کام کریں تو بہت کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ لیکن علماء جب تک اپنی روایتی سوچ سے باہر نہیں نکلیں گے اور مسلک سے اوپر نہیں اٹھیں گے، یہ کام نہیں ہو سکتا۔ انہیں فروعی مسائل کے اختلافات سے چشم پوشی کرکے اصول دین اور ان کی دعوت پر باہم متحد ہونا چاہیے۔ نیز ان کو اپنے مدارس کے نصاب میں بھی ضروری تبدیلی لانی چاہیے اور اس کا رخ مختلف اقوام کے لئے داعیوں کی تیاری کی طرف موڑنا چاہیے۔ الحمد للہ کچھ علماء کرام کے ذہن میں یہ باتیں آئی ہیں اور بعض اداروں میں یہ کام شروع بھی ہوچکا ہے لیکن وہ کافی نہیں ہے۔ زیادہ تر مروجہ اداروں کا نصب العین اپنے مسلک کا تحفظ ہی بن رہ گیا ہے۔
یاد رہے کہ جب تک ہم دوسری اقوام تک ان کی زبان و اسلوب میں دعوت پہنچا کر حجت پوری نہیں کردیں گے، نہ ان کی عمومی ہدایت کے فیصلے ہوں گے، نہ ہی ہمارے لئے اللہ کی مدد و نصرت آئے گی اور نہ ہی ظالموں کے لئے ہلاکت یا مغلوبیت کے فیصلے ہوں گے خواہ ہم کتنی ہی دعائیں کرتے رہیں کیوں کہ یہ ضابطہ خداوندی یا سنت الٰہیہ کے خلاف بات ہے جس کا ذکر سطور بالا میں کیا جاچکا ہے۔ ہماری اکثریت کا معاملہ تو یہ ہے کہ اسے اپنی اس ذمے داری کا احساس بھی نہیں، وہ دوسروں کے دین و ایمان کی فکر کیا رکھیں جب کہ خود دین سے بیگانہ ہوکر زندگی گزار رہے ہیں۔ دیکھا جائے تو ہم خود ظالم بن چکے ہیں کیوں کہ ہم نے اللہ اور اس کے رسول کی دی ہوئی ذمے داری کو نہیں نبھایا، دین و ایمان کا جو سرمایہ ہمارے پاس ہے، ہم نے دنیا کی اقوام تک اسے نہیں پہنچایا اور ہم انہیں عذرتراشی کا یہ موقع فراہم کررہے ہیں کہ وہ بروز حساب اللہ تعالیٰ کے سامنے یہ کہیں کہ ہمارے پاس تو کوئی نذیر نہیں آیا اور جب یہ معاملہ پیش آئے گا تو بالآخر کون پکڑا جائے گا؟
اس لئے ہمیں اس مسئلہ پر ٹھنڈے دل سے غور کرنا چاہیے اور اس سلسلے میں احساس ذمے داری کے ساتھ اپنا قدم آگے بڑھانا چاہیے۔ ایک تو ہمیں اپنے علم میں روز افزوں اضافہ کرنا چاہیے کہ لاعلمی کسی نظام میں عذر تسلیم نہیں کیا جاتا۔ دوسرے، ہمیں اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے جو کچھ بھی جانی، مالی، ذہنی و علمی صلاحیتیں دے رکھی ہیں ان کا استعمال دین کی ترویج و اشاعت اور دعوت و تبلیغ کے لئے کیسے ہو سکتا ہے، اس پر غور کرنا چاہیے۔ اللہ سے دعا ہے کہ وہ اس حقیر کو بھی علم کی دولت سے مالامال فرمائے اور اپنے دین کی دعوت کے لئے اس کی صلاحیتوں کو بھی قبول کرلے۔ آمین !
(رابطہ: mwzafar.pu@gmail.com)
٭٭٭٭٭




